وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج بروز منگل 31 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، جس میں ملکی معاشی صورت حال، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بات ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس ميں ریلوے قوانین ترمیمی آرڈیننس دوہزار بائیس کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں ملکی معشیت کو بہتر کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات بھی زیر غور آئیں گے۔ آج ہونے والے اجلاس میں ا10 جون کو پیش ہونے والے بجٹ سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں یوکرائن کیلئے بھیجی جانے والی امداد پر بھی حکام شرکا کو بریفنگ دیں گے۔