موجودہ صورتحال میں غریب، مزدور، دفتروںمیں کام کرنیوالے زیادہ متاثر ہونگے،وسیم اخترعباسی شہید اسپتال کے دورے میں سہولتوں کا جائزہ، انتظامیہ،ڈاکٹرزکو الرٹ رہنے کی ہدایت کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور وفاقی و صوبائی حکومتیںہنگامی معاشی پیکیج کا اعلان کریں، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، یہ معاشی، تجارتی، کاروباری اور نفع و نقصان کا نہیں انسانی معاملہ ہے، کم از کم شرح سود 9 سے 10 فیصد کرکے کاروبار اور تجارت کرنے والوں کی داد رسی کی جائے ، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اگر غیر ملکی قرضے بھی لینے پڑیں تو لئے جائیں، عام شہری پریشان ہیں کہ ان کا چولہا کیسے چلے گا، حکومت اس بات پر سنجیدگی اختیار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے دورے اور سہولتوں کا جائزہ لینے کے دوران گفتگومیں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین وسطی ریحان ہاشمی، میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، میڈیکل ہیلتھ کمیٹی کی چیئرپرسن ناہید فاطمہ و دیگر موجود تھے۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ تاجر ہم سے رابطے میں ہیں ، امید ہے حکومت ان کی مشکل آسان کرے گی، موجودہ صورتحال میں غریب، مزدور، کسان، گھروں، کارخانوں، دفتروں، دکانوں اور اسکولوں میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہونگے، اس لئے ان کی داد رسی کے لئے اقدامات انتہا ئی ضروری ہیں۔ اس موقع پر وسیم اختر نے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی وارڈ، فلٹر کلینک اور آئسولیشن رومز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق انتظامات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، اسپتال کی انتظامیہ ،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ہمہ وقت متحرک رہے، انتظامات میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔