اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا گزشتہ رات 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل تارا مرحوم نے مشہور ڈراموں ففٹی ففٹی، ربر بینڈ، ون وے وکٹ سمیت متعدد اسٹیج ڈراموں، ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے انتقال سے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کیلئے اسماعیل تارا کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم اسماعیل تارا کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے ۔ ملک کی سیاسی سماجی شخصیات نے اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔