اسلام آباد: وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل سے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر احمد المندھاری کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہارافسوس کیا۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحت کے شعبے میں عالمی ادارہ صحت کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے ریجنل ڈائریکٹر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات سے بھی اگاہ کیا ، کہا وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں صحت کا بنیادی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بنیادی مراکز اور ریجنل مراکز صحت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس ریسکیو اور ریلیف کے اوپر ہے۔ وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے ہمیں بہت سے چیلنج کا سامنا ہے جس میں ویکسینیشن اور نیوٹریشن کی سہولیات کو بھی یقینی بنانا ہے۔ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ڈبلیو ایچ سمیت تمام بین الاقوامی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ احمد المندھاری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد جاری رکھیں گے۔