تازہ ترین

وزیر خارجہ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں آج شریک ہونگے

وزیر-خارجہ-عالمی-اقتصادی-فورم-کے-سالانہ-اجلاس-میں-آج-شریک-ہونگے

برن: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں آج سے شروع ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو پیر سے جمعرات تک جاری رہے گا۔  تفصیلات کے مطابق عالمی اقتصادی فورم بین الاقوامی برادری کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ رواں برس فورم کے اجلاس کا موضوع تاریخ ایک اہم موڑ پر، سرکاری پالیسیاں اور کاروباری حکمتِ عملی رکھا گیا ہے۔ وزیر خارجہ پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی ہوں گی اور وہ عصری، عالمی اور علاقائی امور پر عالمی اقتصادی فورم کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گی۔پاکستانی وفد حکومت کی معاشی سرگرمیوں پر روشنی ڈالے گا۔ وزیر خارجہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی پیشرفت کے معاشی اور سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ کورونا وباء، خوراک اور توانائی کی حفاظت اور موسمیاتی تبدیلی  جیسے چیلنجز کے بارے میں عالمی برادری کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری سالانہ اجلاس میں شریک اپنی ہم منصب شخصیات سے بھی ملاقات اور میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ رواں برس عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے 50 سربراہانِ مملکت خطاب کریں گے۔  عالمی اقتصادی فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور دنیا بھر سے نوجوانوں کی قیادت کو سامنے لاتا ہے تاکہ عالمی  معاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے حکمتِ عملی وضع کی جاسکے۔ 

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں