وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے 2 روزہ دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی ہم منصب سے ملاقات کریں گے جس میں پاک سعودی عرب تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سعودی پاکستان سپریم کو آرڈینیشن کونسل کی سیاسی و سلامتی ستون کی مشترکہ ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت میں شریک ہوں گے۔ دورے کے دوران وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کریں گے، مقامی میڈیا اور سعودی حکام سے ملاقاتیں، گفتگو اور تبادلۂ خیال بھی وزیر خارجہ کے دورے کا حصہ ہے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورۂ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ برادر اسلامی ملک کے تعلقات کو مزید گہرا اور پائیدار بنانے میں کردار ادا کرے گا تاکہ دونوں ممالک باہمی مفید تعاون کو فروغ دے سکیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دوستانہ و برادرانہ روابط اسلامی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان بھی سعودی حکومت کے مؤقف کی حمایت کرتا آیا ہے۔