اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تیار کردہ پاکستان کے پہلے فرد سے فرد کے لیے ادائیگی کے نظام راست کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی آبادی کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے باضابطہ معیشت میں شامل کرکے حقیقی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ راست عام آدمی کو سیل فون کے ذریعے لین دین کرنے میں سہولت فراہم کرے گا، اس کے علاوہ اس سے بچت کی شرح کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم ملک کو آگے لے جانے کے لیے اپنی بچت کی شرح کے ساتھ ساتھ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایف بی آر میں ٹیکنالوجی بھی استعمال کر رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کا سراغ لگایا جا سکے جو شاہانہ طرز زندگی سے قطع نظر ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔ عمران خان نے عوام کو غربت سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اس میں کامیاب ہوئے تو یہ موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہوگی۔ وزیراعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ہمیں انہیں مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس موقع پر راست فوری ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل بینکنگ میں ایک انقلاب قرار دیا۔