اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ (فروری) کے دوران روس کا دورہ کریں گے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم کو دورۂ روس کی دعوت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم چین سے وطن واپس پہنچ گئے۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو دورۂ چین کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے روس کے دورے کی دعوت ملی۔ دورے کا مقصد پاک روس تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ یوکرین پر ممکنہ روسی حملے کے پیشِ نظر امریکی صدر جو بائیڈن کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ امریکا روس کشیدگی حالیہ دنوں میں عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ایسے میں پاکستان کا روس کی جانب ہاتھ بڑھانا خطے کی دفاعی و سیاسی ہیئت بدل سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور روس کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی توہین آزادئ اظہارِ رائے نہیں، جس کا وزیر اعظم نے خیر مقدم کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بیجنگ میں روسی و چینی صدور کی ملاقات ہوئی جس کے دوران دونوں سربراہانِ مملکت نے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دورۂ چین کی تکمیل سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے بھی چینی صدر سے ملاقات کی۔ آج سے 3 روز قبل یوکرین میں جاری تنازعے کے پس منظر میں امریکا مخالف ممالک ایک دوسرے کے قریب آگئے۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور ولادی میر پیوٹن نے خارجہ محاذ پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیر اعظم چین سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے۔ چار روزہ دورۂ چین کے دوران وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی کابینہ کے اراکین بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات کا اعلان کیا اور بعد ازاں بتایا کہ وزیر اعظم وطن واپسی کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔