اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت ن لیگی رہنماؤں کو اہم وزارتوں کے قلمدان دئیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو وزارتِ داخلہ جبکہ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کو وزارتِ اطلاعات دئیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارتوں کیلئے ناموں پر فیصلہ سازی مکمل کر لی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے علاوہ اپوزیشن اتحاد کی دیگر جماعتوں کو بھی وزارتوں میں شامل کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ میں ن لیگ کے 12، پیپلز پارٹی کے 7 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 3 وزراء کو شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد میں کامیابی حاصل کرنے والے اپوزیشن اتحاد کی دیگر جماعتوں بشمول متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)، بی اے پی اوربی این پی کو بھی وزارتیں دئیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب یہ اطلاعات بھی زیر گردش ہیں کہ سندھ میں گورنر ایم کیو ایم جبکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا، خیبر پختونخوا میں جے یو آئی (ف) جبکہ بلوچستان میں بی این پی (مینگل) کا، اسپیکر قومی اسمبلی پی پی پی جبکہ ڈپٹی اسپیکر جے یو آئی کا ہوگا۔