لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹوکیو اولمپکس کے قومی ہیروز اور دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنیوالے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنیوالوں میں ایتھلیٹ ارشد ندیم، طلحہ طالب، فیاض بخاری، ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم، طلحہ طالب،شہروزکاشف، ساجدعلی سدپارہ اور سید فیاض بخاری کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر وزیراعلی ٰ پنجاب نے کہاکہ ٹوکیواولمپکس میں ارشد ندیم او رطلحہ طالب نے ملک کا نام روشن کیا، شہروز کاشف اورساجد علی سدپارہ نے کم عمری میں کے ٹو جیسی خطرناک ترین چوٹی سر کر کے اپنے بلند عزم کا اظہار کیاہے۔ ان کاکہنا تھا کہ آپ پاکستان کے حقیقی ہیرو ہیں اور قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ جیسے کھلاڑی پاکستان کا سرمایہ ہیں اورپنجاب حکومت ارشد ندیم،طلحہ طالب،ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ وزیراعلی ٰٰ پنجاب نے کہا کہ آپ جیسے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے حکومت ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی ۔دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کوآئندہ مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو20، 20لاکھ روپے کے چیک دیے، ارشد ندیم اورطلحہ طالب کو اسپورٹس بورڈ پنجاب اور محکمہ انرجی کی جانب سے بھی 10، 10 لاکھ روپے دیے گئے۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ساجد علی سدپارہ، شہروز کاشف کو 10،10، کوچ فیاض بخاری کو 5 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔