وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کی سینیر قیادت اور وزرا کا اہم اجلاس ہوا۔ آج ہونے والے اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دیگر آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سیکریٹری جنرل عامر کیانی اور مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں یہ بڑا فیصلہ بھی کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لایا جائے گا۔ وزیراعظم پرُعزم اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگالیں، ان کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے بھرپور عزم کا اظہار کیا گیا۔ فواد چوہدری قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آرٹیکل63 اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کریں گے، عدالت عظمی میں آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس فائل کیا جائیگا۔ اجلاس میں 27 مارچ کو ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عمران خان نے سندھ ہاؤس کی سخت مانینٹرنگ کا حکم دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر رہنماؤں کو دیا تھا۔