اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر کارل نیہمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر کارل نیہمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ تعلیم، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آسٹریا کی سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہری پور، خیبرپختونخوا میں پاکستان آسٹریا فاچوچسول انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی دوطرفہ شراکت داری کا ایک مثالی مظہر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کے لیے عملی مشغولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ آسٹرین چانسلر نے صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹنے اور آسٹرین سمیت دیگر افراد کے انخلاء پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی چانسلر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔