اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کاسا کانفرنس میں شرکت کیلئے آج ازبکستان روانہ ہوں گے،اس دوران افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج 2روزہ سرکاری دورےپرازبکستان روانہ ہوں گے ، حکومتی وزرا، کاروباری افراد پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کاسا کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں عمران خان اور ازبک صدر کاسا کانفرنس کا مشترکہ افتتاح کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی افغان صدراشرف غنی سے ازبکستان میں ملاقات کاامکان ہے ، دونوں رہنماؤں کی ازبکستان میں کاساکانفرنس کی سائیڈلائن پرملاقات ہوسکتی ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم ازبکستان کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے ، دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی،علاقائی ،بین الاقوامی امورپر بات چیت ہو گی اور تجارت ،معاشی تعاون پر مبنی معاہدے اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان پاک ازبک تجارتی فارم سے بھی خطاب کریں گے ، فارم میں دونوں ممالک کی معروف کاروباری اور سرمایہ کار شخصیات شریک ہوں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ بزنس کونسل کا افتتاحی سیشن بھی ہوگا اور وزیراعظم عالمی کانفرنس سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیاعلاقائی روابط سے بھی خطاب کرینگے ، جس میں ویژن سینٹرل ایشیاپالیسی2021پربھی روشنی ڈالیں گے۔