اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا کیا. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا.دونوں راہنماﺅں میں خطے کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے کشمیر سے متعلق تازہ ترین پیشرفت سے بھی آگاہ کیا‘اس سے قبل 7اگست کو دونوں راہنماﺅں میں کشمیر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی تھی، سعودی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا تھا. دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جنگ ہوئی توخطہ نہیں ساری دنیا اس کی لپیٹ میں آئے گی‘ بھارت کے لیے ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز دبانا ممکن نہیں.انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ قوم سیسہ پلائی دیوار بن کرکشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائے. واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا ہم نے کشمیریوں کے ساتھ متحد ہوکر کھڑا ہونا ہے ، پوری قوم کشمیر کے لیے باہر نکل آئے ، اب ہم فیصلہ کریں گے کشمیریوں کے مستقبل کا، بد قسمتی سےاقوام متحدہ صرف طاقتوروں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے.عمران خان نے عوام کو ہدایت کی تھی کہ جمعے کو12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک سرکاری دفاتر میں کام روکیں اور کشمیریوں کے لیے باہر نکلیں‘وزیر اعظم نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ساری دنیا کے مسلمان آپ کی طرف دیکھ رہے ، اس حوالے سے کب ایکشن لیا جائے گا.