عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں اہم اجلاس طلب کر لیا۔ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختون خوا اور پنجاب کی اسمبلیاں آئندہ جمعہ 23 دسمبر کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی جماعت کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ کا اہم اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں ہوگا، جس میں پارٹی کے اہم رہنما اور مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں عمران خان کے اعلان اور اتحادیوں کے معاملات پرغور کیا جائے گا، اور اسمبلیاں بچانے کے لئے قانونی اور آئینی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔ اس اہم اجلاس میں آئینی اور قانونی ماہرین بھی شریک ہوں گے، جب کہ اس مشاورت کے بعد اتحادیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔