وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ پر چین پہنچ گئے۔ بیجنگ ایئرپورٹ پر اعلیٰ چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیرِ دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین،معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، سید فہد حسین، ظفر الدین محمود، جہانزیب خان اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے جبکہ شہباز شریف چینی صدر کے انتخاب کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے رہنما ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل رابطوں کی کڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کے قائدین سٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے ۔ ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیشرفت متوقع ہے۔ دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدات پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم کے دورہ سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔