وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے
شائع شدہ تاریخ 15 اپریل, 2026
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج ایک انتہائی اہم اور کثیر الجہتی غیر ملکی دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دورے کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی کی توسیع کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پہلے سے طے شدہ پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کو پہلے صرف سعودی عرب اور ترکیہ جانا تھا، تاہم اب وہ قطر کا بھی سرکاری دورہ کریں گے، ان کے ہمراہ ہمراہ اسحاق ڈار، عطا اللہ تارڑ اور طارق فاطمی بھی ہوں گے،
پہلا مرحلے میں وزیراعظم آج سعودی عرب پہنچیں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے خاتمے اور علاقائی سیکیورٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
سعودی عرب کے بعد وزیراعظم کل قطر روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے تسلسل اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے کردار پر بات ہوگی۔
دورے کے آخری مرحلے میں وزیراعظم ترکیہ پہنچیں گے، جہاں وہ ’اناطالیہ سفارتکاری فورم‘ میں شرکت کریں گے ، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ہمراہ لیڈرز پینل میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم رجب طیب اردوان سمیت اہم عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، پاکستان کی فورم میں شرکت تعمیری سفارتکاری اورعالمی تعاون کےعزم کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کےہمراہ اسحاق ڈار، عطا اللہ تارڑ اور طارق فاطمی بھی ہوں گے،ترجمان دفتر خارجہ
اس دورے کا محور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور مسلم امہ کی اہم قیادت کے ساتھ مل کر ایک پائیدار امن کا راستہ تلاش کرنا ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے ختم کرایا جائے۔