وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل انتہائی اہم شخصیت سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ نمائندہ سماء عباس شبیر نے جمعہ کو رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان کئی پارٹی ممبران اور حکومتی عہدیداروں سے بیک ٹو بیک ملاقاتیں کررہے ہیں۔ عباس شبیر کا کہنا ہے کہ ایک اہم شخصیت کے ساتھ یہ ون آن ون ملاقات آج (جمعہ کو) شام 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان بنی گالہ اسلام آباد میں ہوئی۔ اہم شخصیت سے ملاقات میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم واقعات کے درمیان ملک میں سیاسی غیر یقینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سماء ٹی وی کے مطابق اہم میٹنگ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے ارکان کو ہفتے کی سہ پہر طلب کرلیا تاکہ بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو 21 مارچ کو ایوان زیریں کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی تھی، تاہم فی الحال اس کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اپوزیشن نے 8مارچ کو 86 اراکین کے دستخط کے ساتھ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی قرار داد جمع کرائی تھی، جس کیلئے اپوزیشن اور حکمران جماعتیں ووٹوں کیلئے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔