تازہ ترین

وزیراعظم آج چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہونگے

وزیراعظم-آج-چین-کے-سرکاری-دورے-پر-روانہ-ہونگے

وزیراعظم عمران خان آج سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے۔ کابینہ ارکان اور سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح وفد ان کے ہمراہ ہوگا۔ وزیراعظم ونٹراولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جب کہ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہیں۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی، چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔ دورے کے دوران وزیراعظم متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ عمران خان پاک چین سفارتی تعلقات کےستر سال مکمل ہونے پر تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔ اس سلسلے میں کرونا وباء کے باوجود ایک سو چالیس تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا اظہار ہے۔ وزیراعظم چین کی بڑی کاروباری شخصیات، تھنک ٹینک ارکان اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت دورہ چین کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، فواد چودھری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر مملکت فرخ حبیب، مشیر قومی سلامتی امور معید یوسف، معاون خصوصی شہباز گل اور خالد منصور شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دورہ چین مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں