وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج بروز جمعہ 18 فروری کو پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں جلسے عام سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم دن 1 بجے قائداعظم گراؤنڈ پہنچیں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرکے وزیراعظم عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق اپنے خطاب میں وزیراعظم منڈی بہاء الدین شہر کیلئے 30 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں گے۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جب کہ انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ میں 10 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ جلسے عام کے سلسلے میں قائداعظم گراؤنڈ کو پینا فلیکس، ہورڈنگ بورڈز، بینرز اور پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ جلسہ عام کے موقع پر ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں تعطیل کا نوٹی فیکیشن واپس لے لیا گیا۔ جلسے سے قبل شہر میں جگہ جگہ رنگ و روغن اور سڑکوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا۔ قبل ازیں حکمراں جماعت کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے بذریعہ جلسہ عام ملاقات کریں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ منڈی بہاؤ الدین تیار ہو جاؤ، وزیراعظم عمران خان آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطوں کی مہم کا آغاز جمتہ المبارک 18 فروری منڈی بہاوالدین سے ہوگا، حکومت کے عوام کے لیے کئے گئے اقدامات کے ثمرات عوام تک عمران خان خود عوام سے ملاقات بذریعہ جلسہ عام کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 7 فروری کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں بڑے پیمانے پر جلسے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزيراعظم عمران خان نے عوامی رابطے کا فيصلہ کيا ہے، وزيراعظم خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان ميں عوامی اجتماعات سےخطاب کرينگے۔