اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق گوادر کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ کے ویژن کے تحت وزیرِ اعظم شہباز شریف آج گوادر کا ایک روزہ دورہ کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کا ایک ماہ کی قلیل مدت کے دوران گوادر کا یہ دوسرا دوسرا دورہ ہے ، وزیراعظم شہباز شریف ماہی گیروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کو گوادر میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان پر بریفنگ دی جائے گی ۔ وزیرِ اعظم انڈس اسپتال اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مابین عالمی معیار کے اسپتال کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی سرپرستی بھی کریں گے. وزیرِ اعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے ، علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کو گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، پاور پراجیکٹس، انفراسٹرکچر پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔