وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے کے ساتھ وہی سلوک ہورہا ہے جس کا وہ مستحق ہے۔ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نے ایک ٹی وی انٹرویو میں آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کی آفر اور ایوان صدرمیں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کی تھی۔ اپنے انٹرویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ دنیا چاہتی ہے کہ پاکستانی فوج کمزور ہو، جبکہ وہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کی کسی بات سے دنیا میں فوج کا تشخص خراب نہ ہو، اگر میں کسی طرح کا بھی جواب دوں تو ادارے کا نقصان ہو گا۔ سابق وزیر اعظم کے بیان پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فتنے نے مان لیا کہ انہوں نے آرمی چیف کو غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی پیشکش کی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریبی لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، پاکستان تحریک انصاف کو صرف فارن فنڈ فتنے نے کرش کیا ہے، فارن فنڈڈ فتنے کے ساتھ وہی سلوک ہورہا ہے جس کا وہ مستحق ہے۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے کرپشن نہیں کی، 4 سال ڈاکے ڈالے ہیں، آپ کو آزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا، شہباز شریف اور راناثنااللہ جرائم پیشہ تھے تو 4 سال میں ثابت کردیتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جانے سے 6 ماہ پہلے بچ گیا، الیکشن آئینی مدت پوری ہونےپر اگلے سال ہوں گے، والدین اپنے بچوں،بچیوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔