اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہو چکی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کے لیے الگ ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے۔ دعا ہے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کو اللہ صحت دے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو نہیں ہٹا سکے اور یہ خود پیچھے ہٹ گئے۔ میرا اور تیرا میں دونوں جماعتوں کا کام پورا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات ہو یا پھر اور معاملات سب میں ہی حزب اختلاف نے حصہ لیا۔ کابینہ میں ردوبدل ہوتی رہتی ہے تاہم میں ادھر ہی ہوں۔ وزیر وزیر ہوتا ہے چاہے کسی بھی وزارت میں ہو۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ اسمبلیوں میں آئیں، عمران خان ان سے نہیں جانے والا ہے۔ پی ڈی ایم میں اختلاف حزب اختلاف کی نااہلی ہے اور اب اصل فیصلہ مولانا فضل الرحمان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہو چکی ہیں جبکہ غریب کے لیے پاسپورٹ کی مدت 10 سال کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیف سٹی کے سارے کیمرے ٹھیک کردیے ہیں اور اب عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد گارڈن سٹی بن جائے گا۔ مہنگائی ہے تسلیم کرتے ہیں لیکن معاملات جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔