تازہ ترین

نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء صدر مملکت کے دستخط سے نافذ

نیب-ترمیمی-آرڈیننس-2021ء-صدر-مملکت-کے-دستخط-سے-نافذ

صدر مملکت نے نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء پر دستخط کردیئے، نئے آرڈیننس کا اطلاق فوری پر طور ہوگیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے آج نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء کی سرکولیشن سمری کے تحت منظوری دی تھی، جس کے بعد مسودہ صدر مملکت کو ارسال کیا گیا۔ آرڈیننس کے بنیادی نکات کے مطابق وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت کی موجودہ شق برقرار رہے گی، نئے چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کے نام پر بھی غور ہوسکے گا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے مطابق چیئرمین نیب کی تقرری صدر پاکستان، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی مشاورت سے کریں گے، اگر صدر مملکت کی مشاورت کے بعد بھی کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو اسپیکر قومی اسمبلی ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے 6، 6 اراکین شامل ہونگے۔ فروغ نسیم نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کی تجویز کے مطابق نیب عدالتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور پہلے مرحلے میں 30 عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، نیب عدالتوں میں ججوں کی تقرری کیلئے بھی طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے جس کے مطابق موجودہ ضلعی عدالتوں کے جج، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اور ہائیکورٹس کے جج بھی چیف جسٹس کی مشاورت سے تعینات کئے جائیں گے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے مس کنڈکٹ کی شکایت کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل ہی فورم رکھا گیا ہے اور جب تک نئے چیئرمین نیب کی تقرری نہیں ہوگی موجودہ چیئرمین اپنے مکمل قانونی اختیارات کے ساتھ بدستور فرائض انجام دیں گے۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا پراسیکیوٹر جنرل کے اختیارات میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے اور نیب اب کیسز چلانے یا ختم کرنے سے متعلق اٹارنی جنرل سے آزادانہ رائے لے سکیں گے۔ آرڈیننس کے مطابق چیئرمین نیب کو ہٹانے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرنا ہوگا، چیئرمین نیب کو توسیع نہ دینے کی شق آرڈیننس کے ذریعے ہٹادی گئی، نیب عدالتوں کو 90 دن سے پہلے ملزم کو ضمانت دینے کا اختیار بھی مل گیا، اب نیب عدالتوں میں ایڈيشنل سیشن جج اور سابق جج صاحبان بھی تعینات کئے جاسکیں گے۔ دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ وزارت قانون و انصاف نے حسین اصغر کے استعفیٰ کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں