کراچی: اسٹیٹ بینک پاکستان نے وضاحت کی ہے کہ 9 بینکوں پر سائبر حملے، رقم نکلوانے اور ڈیٹا چوری کیے جانے کی خبریں درست نہیں۔ ایک بیان میں مرکزی بینک نے ایسی اطلاعات کی تردید کی اور واضح کیا کہ سائبر حملوں سے متعلق مرکزی ترجمان عابد قمر کا حوالہ دے کر چلائی جانے والی خبریں جعلی ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کا بینکنگ سسٹم محفوظ ہے اور نیشنل بینک کے علاوہ کسی دوسرے بینک پر سائبر حملے کی کوئی اطلاع نہیں ملی جب کہ نہ ہی کہیں سے رقم نکالے جانے یا ڈیٹا چوری کیے جانے کا علم ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک صورتحال کی نگرانی کررہا ہے، ایسی کوئی بھی معلومات یا تازہ صورت حال اسٹیٹ بینک کے سرکاری ذریعے سے ہی جاری کی جائے گی۔