فیصل آباد: محکمہ واسا کی جانب سے نوکریوں سے نکالے گئے 700سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔4 مہینے کی تنخواہوں سے محروم ملازمین نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الائیڈہسپتال روڈ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بلاک کردیا۔ محکمہ واسا کی جانب سے فنڈز کی کمی کا جواز بناکر 2 ماہ قبل 700سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا تھا جنہیں گزشتہ 4 مہینوں کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی تھی۔ جس پر نوکریوں سے فارغ کئے گئے ملازمین واسا حکام کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور سرگودھا روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا ۔ ملازمین کی جانب سے واسا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نوکریوں سے فارغ کئے جانے سے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں ۔ مظاہرین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انکے گزشتہ 4 مہینوں کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے ساتھ ساتھ انہیں نوکریوں پر بحال کیا جائے تاکہ انہیں درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے ۔