اسلام آباد: نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خاتون صحافی و تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف میں ایک فرق واضح ہے اور وہ فرق اسٹریٹجک یا سیاسی فرق ہے۔ وہ ان کا پہلے سے تھا ، یہ کئی دہائیوں سے ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کا طرز سیاست کئی دہائیوں سے کافی مختلف ہے۔جو شہباز شریف ہیں وہ محتاط ہوتے ہیں۔ انہیں حقیقت کا علم ہوتا ہے اور وہ خواہ مخواہ پنگے نہیں لیتے۔ محمل سرفراز نے کہا کہ دوسری جانب نواز شریف ذرا رعب دار ہیں۔ وہ ہر ایک کے آگے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو نواز شریف کی سیاست ہی پسند ہے کیونکہ ووٹ تو ن لیگ کا ہی ہے۔ یعنی نواز شریف کا۔ حالانکہ شہباز شریف نے بہت محنت کی ہے لیکن نواز شریف کے بعد ن لیگ میں ووٹ مریم نواز کا ہے۔ کیونکہ ایک تو نواز شریف کا طرز سیاست لوگوں کو بے حد پسند ہے ور دوسرا لوگ اُن کو بھی پسند کرتے ہیں۔ جبکہ شہباز شریف ایک ایڈمنسٹریٹر ہیں، وہ بہت اچھے ایڈمنسٹریٹر تو ہو سکتے ہیں لیکن اُن میں لیڈر شپ کوالٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بعد ان کا سیاسی جان نشین مریم نواز کو ہی بنایا جائے گا کیونکہ یہ سب کچھ نظر آ رہا ہے۔ ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ مریم نواز ہی نواز شریف کی سیاسی جان نشین ہوں گی ، عوام میں مقبولیت بھی انہی کی ہے۔مسلم لیگ کا ورکر اگر احتجاج کے لیے نکلے گا تو صرف نواز شریف کے کہنے پر نکلے گا۔ اگر کیپٹن (ر) صفدر یہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے میاں صاحب یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہمیں جے یو آئی (ف) کے ساتھ جانا ہے اور ہمیں اُن کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کا ورکر ہر صورت نکلے گا۔