لندن: پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے قائد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو ایک پیچیدہ کورونری آرٹری (دل کی بیماری) کی تشخیص ہوچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز علاج شروع ہونے سے قبل مزید طبی ٹیسٹ کریں گے۔ڈاکٹر عدنان خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'سابق وزیر اعظم نوازشریف لندن کے رائل برومٹن اور ہیئر فیلڈ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے امراض قلب کی تشخیص ہوئی'۔کورونری آرٹری کو سی اے ڈی بھی کہا جاتا ہے اور یہ اس وقت ہوتا ہے جب کسی فرد کی کورونری شریانوں کے اندر کوئی رکاوٹ پیدا ہوجائے تو دل میں خون کے بہاو میں کمی کے باعث دباؤ پیدا ہوتا ہے۔ تاہم اس کے نتیجے میں دل کو جس رفتار سے خون کی ضرورت ہوتی ہے وہ وصول نہیں کرتا اور سینے میں تکلیف کے علاوہ دل کا دورہ بھی پڑتا سکتا ہے۔ سی اے ڈی کا تعین کئی ٹیسٹوں کے بعد کیا جاسکتا ہے جس میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی شامل ہیں۔ اس کا علاج ادویات کے ذریعے یا انجیوپلاسٹی کے ذریعے کیا جاسکتا ہے اوردل کی تنگ شریانوں کو کھولنے کے لیے غبارے اور اسٹینٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ https://twitter.com/Dr_Khan/status/1207661825527107584 اس سے قبل نواز شریف کی عیادت کے لیے گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کا ایک وفد لندن آیا تھا لیکن ٹیم کے بعض ارکان نے ڈان کو بتایا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی کیونکہ وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سے صرف ان کی صحت کے بارے میں پوچھنے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرنے آئے تھے۔ علاوہ ازیں شریف خاندان نے سابق صدر (ر) جنرل پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے غداری کے فیصلے کی روشنی میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔