اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے تاحیات اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے رابطہ کیا ہے جس کے دوران قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران سپریم کورٹ کی جانب سے فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے پر مشاورت کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے مابین رابطے کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت کے بائیکاٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے متعلق بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔ اس دوران سپریم کورٹ کی عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کیلئے تحریری بیان جاری کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے ٹیلیفونک رابطے کے دوران فیصلہ گیا کہ حمزہ شہباز کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کے متعلق عدالتی فیصلے کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکمراں اتحاد نے عدالتی فیصلے کے بائیکاٹ کا اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔