لاہور: سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملنے سے انکار کر دیا ہے بلاول بھٹو نے نواز شریف کی عیادت کے لیے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن مسلم لیگ نون کے رہنما نے ان سے ملنے سے انکار کر دیا ہے. نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے آج شام کے لیے ملاقات کا پیغام بھجوایا گیا تھا، لیکن نون لیگ کا موقف تھا کہ ڈاکٹرز ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے ہیں دوسری جانب مریم نواز سمیت لیگی رہنما نواز شریف کی عیادت کرتے رہے. پیپلز پارٹی کی قیادت حیرت زدہ ہے کہ ہفتے کے روز قمر زمان کائرہ پانچ رکنی وفد کے ساتھ نواز شریف کی عیادت کرنے گئے تھے لیکن ڈاکٹرز کو اعتراض نہ ہوا اس موقع پر مریم نواز اور شہباز شریف سے بھی پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقا ت ہوئی تھی. لیکن اب پیپلز پارٹی کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات سے لیت و لعل پر حیر ت زدہ ہے کہ بلاول سے ملاقات سے نواز شریف کی ہچکچاہٹ کی وجہ حکومتی دباﺅ ہے یا مولانا فضل الرحمان سے معاملات ہیں، کیوں کہ پیپلز پارٹی آزادی مارچ کو دھرنے کی شکل دینے کی مخالف ہے.خیال رہے کہ آج بلاول بھٹو اپنے والد آصف علی زرداری کی عیادت کے لیے پمز ہسپتال گئے تھے، جس کے بعد انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عجیب و غریب دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دینے والے ہیں اس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا حادثاتی چیئرمین یاد رکھیں، وزیر اعظم مستعفی نہیں ہوں گے. ادھر نواز شریف کا علاج میڈیکل بورڈ کے لیے چیلنج بن گیا ہے، وہ پریشان ہیں ان کا شوگر سنبھالیں، بلڈ پریشر یا پلیٹ لیٹس‘ اسٹیرائیڈز دینے سے سابق وزیر اعظم کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول بڑھ گیا ہے، دوسری طرف پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے ہیں.