تازہ ترین

نصرت شہباز پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائدکی جائیگی

نصرت-شہباز-پر-آئندہ-سماعت-پر-فرد-جرم-عائدکی-جائیگی

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں ٹرائل جوائن کرلیا جس پر احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نصرت شہباز کو نمائندے کے ذریعے فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کر لیا۔ لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف نیب کے تین مختلف ریفرنسز پر سماعت کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز نے اپنے نمائندے کے ذریعے ٹرائل جوائن کيا جس پر عدالت نے نمائندے کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نمائندے کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔ نیب عدالت نے نصرت شہباز کو عدالت پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیا تھا۔ شہباز شریف نے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں موقف اپنایا تھا کہ اہلیہ نصرت شہباز علاج کے لیے بیرون ملک ہیں لیکن وہ ٹرائل جوائن کرنا چاہتی ہیں۔ جیسے ہی واپس آئیں گی ٹرائل جوائن کرلیں گی لہٰذا نیب عدالت کا اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور نصرت شہباز کو نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے۔ دوسری جانب احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف خاندان کے ریفرنس الگ الگ تاریخ میں مقرر کیے جائیں۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں ایک ہی روز تاریخ مقرر کرنے سے سماعت متاثر ہوسکتی ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر اس کو دیکھیں گے۔ عدالت نے کارروائی یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں