میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کی عوام کو علاج کی سہولیات میسر آسکیں گی ملتان، سکندر آباد : ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ نشتر ٹو ہسپتال کے منصوبے پر 8ارب 84کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے پورے جنوبی پنجاب کے علاوہ اس سے ملحقہ دیگر صوبوں کے اضلاع کی عوام کو بھی علاج معالجہ کی سہولیات میسر آسکیں گی۔یہ بات انہوں نے نشتر ہسپتال ٹو پراجیکٹ پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے سائٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ممبر صوبائی اسمبلی ملک سلیم لابر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ایک بڑے ہسپتال کی اشد ضرورت ہے ،نشتر ٹو منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔عامر خٹک نے کہا کہ نشتر ٹو میگا پراجیکٹ سے ہزاروں افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر آئینگے ۔ پراجیکٹ کیلئے مقامی ہنر مند اور غیر ہنر مند لیبر کو ترجیح دی جائے ۔ اسسٹنٹ انجینئرآئی ڈیپ ریحان علی قریشی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نشتر ٹو کا منصوبہ اڑھائی سال کے عرصہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔اس ہسپتال کے لئے مشینری کی خریداری کے علاوہ تعمیراتی پورشن پر 4 ارب 99 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ اب تک 83کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں ۔