سیرت طیبہؐ پر عمل کر کے ہی ہم اچھے انسان اور مسلمان بن سکتے ہیں، ڈاکٹر خالد عراقی تمام سوالوں کا جواب قرآن میں ہے، جامعہ کراچی میں یوم مصطفی ؐ کی تقریب سے خطاب کراچی :جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ عصر حاضرمیں ہم نظام اور انتظامی معاملات کے حوالے سے بہت کچھ پڑھتے ہیں، پوری دنیا تحقیق کررہی ہے کہ لیڈر شپ کوالٹیز اور کردار سازی کیا ہونی چاہیے، ان تمام سوالوں کا جواب قرآن پاک اور سیرت طیبہ ؐمیں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ بالمقابل آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقد ہ یوم مصطفی ؐکی تقریب سے خطاب میں کیا۔ شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ آج کی تحقیق بتا رہی ہے کہ لیڈر شپ کے اندر انسانیت ہونی چاہیے جبکہ نبی کریم ؐ نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ لیڈر شپ کے اندر انسانیت ہونی چاہیے تاکہ وہ انصاف کر سکے ، آپ ؐ کی ذات اور سیرت پر جتنی بھی تحقیق کر لی جائے وہ کبھی مکمل نہیں ہو سکتی کیونکہ ذات مبارکہ کے اتنے پہلو ہیں کہ ہم جتنی بھی ریسرچ کرتے چلے جائیں اس کے اتنے ہی دروازے کھلتے جاتے ہیں۔ سیرت طیبہ ؐ پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک اچھے انسان اور مسلمان بن سکتے ہیں، آج ہم کردار سازی کی بات کرتے ہیں اور بحیثیت والدین اپنے بچوں کی کردار سازی کے حوالے سے فکر مند رہتے ہیں، ہمارے پیارے نبی ؐنے اپنی عملی زندگی سے ثابت کرکے دکھایا کہ کردار سازی کیسی ہونی چاہیے، نبی کریم ؐ نے اپنی ذات سے ثابت کیا کہ وہ صادق اور امین ہیں۔