نا اہل ، گلی محلہ کی سوچ تک محدود لوگوں کو ملک پر مسلط کردیا گیا:رہنما ن لیگ مریدکے: چیئرمین پی اے سی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ناکام حکومت کا ملک پر مسلط ہونا قوم کی بدقسمتی ہے ۔ نا اہل اور گلی محلہ کی سوچ تک محدود لوگوں کو 20کروڑ آبادی والے ملک پر مسلط کر دیا گیا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کم ظرف اور اخلاقیات سے عاری قیادت ملک اور قوم کی اچھی روایات کا قتل عام کر رہی ہے ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی اسمبلیوں میں بھی معزز اراکین ہاتھا پائی کرتے نظر آئیں گے ۔ پریس کلب کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اس کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے جس کے باعث حکمران فرسٹریشن کا شکار ہو کر میاں نواز شریف کی صحت کے معاملات کو متنازعہ بنا رہے ہیں تا کہ اپنی ناکامی پر سے عوام کی توجہ ہٹا سکیں۔ حکومت کے اپنے نمائندگان اور ڈاکٹروں نے میاں نواز شریف کی رپورٹس تیار کیں اور ان کا جائزہ لیا مگر اب ڈاکٹروں پر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کے بیان دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔