اسلام آباد : نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے افراد کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا ۔ جی این این کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کاکہنا ہے کہ جن شہریوں نے ویکسین نہیں لگوائی انہیں نادارا آفس سہولیات فراہم نہیں کرے گا ۔ سہولیات فراہم نہ کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کے کہنے پر کیا گیا ہے۔ نادرا کے مطابق اس حوالے سے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نادرا کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔نادرا حکام کے مطابق ملک بھر میں دو لاکھ افراد نادرا آفس آتے ہیں ، بغیر ویکسین کے افراد کو نادرا آفس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ حکام کے مطابق نادرا آفس میں داخلے کے لیے کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ تمام نادرا دفاتر میں این سی او سی کے احکامات کے مطابق ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔ پاکستان بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جس کے لیے ہسپتالوں میں ویکسینیشن سنٹرز سمیت اب موبائل ویکسین مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں18 سال سے زائد افراد جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت انسداد کورونا کی چینی ویکسین کے علاوہ ایسٹرازینیکا ، ، کینسینو اور فائزر بھی استعمال کی جارہی ہے۔ ملک بھر میں40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن کا آغاز3 مئی سےہوا تھا ۔