الیکشن کمیشن نے رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو نااہلی کیس میں جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دے دیا۔ الیکشن کمیشن اسلام آباد کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک کے معاون پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی درخواست پہلے ہی خارج کر چکا ہے اور خارج شدہ درخواست کی بحالی کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔ مناسب ہوگا پہلے درخواست پر ہمارے اعتراضات کا فیصلہ آنے دیا جائے۔ کمیشن نے فریال تالپور کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن نے عدم پیروی کے باعث فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی پہلی درخواست خارج کر دی تھی۔ تاہم بعد میں دائر درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی تھی۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نے فریال تالپور کےخلاف سالانہ گوشواروں میں جائیداد چھپانے پر درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فریال تالپور کو اپنے سالانہ گوشواروں میں جائیدادیں ظاہر نہ کرنے پر نا اہل کیا جائے۔