ہمیں مثبت پیغام پھیلاناچاہیے ،منفی خبر سے صرف دشمنوں کوفائدہ ملتاہے ،عمران اسماعیلحکومت کا احساس پروگرام ریاست مدینہ بنانے کی طرف ایک اہم اقدام ہے ،کانفرنس سے خطاب کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میڈیاکوحکومت کے مثبت اقدامات کی تشہیر کرنا چاہئے تاکہ اچھی خبریں عوام تک پہنچ سکیں اور وہ ان سے فائدہ اٹھاسکیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں منعقدہ عالمی میڈیا کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں مثبت پیغام پھیلاناچاہیے کیونکہ منفی خبر سے صرف دشمنوں کوفائدہ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا فلاحی ریاست کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔گورنرسندھ نے مزیدکہاکہ سماجی انصاف اوراس ضمن میں میڈیا کا کردار ایک بہت اہم مضمون ہے کیونکہ جب میڈیا سماجی ناانصافیوں اورانصاف کی عدم فراہمی کی نشاندہی کرتا ہے تو اس سے حکومت وقت کو ان کے ازالے کے لئے اقدامات کرنے کی تحریک ملتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا وژن ریاست مدینہ قائم کرنا ہے کیونکہ ریاست مدینہ تاریخ کی سب سے بہترین ریاست تھی جوانصاف پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا احساس پروگرام ریاست مدینہ بنانے کی طرف ایک اہم اقدام ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 لاکھ روپے تک کا قرضہ لے سکتے ہیں۔ نوجوان نسل کواللہ پربھروسہ اورمحنت کرنی پڑے گی۔