تازہ ترین

میر شکیل الرحمٰن کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست، سماعت آج ہو گی

میر-شکیل-الرحمٰن-کیخلاف-مقدمہ-خارج-کرنے-کی-درخواست،-سماعت-آج-ہو-گی

لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔ لاہور ہائی کورٹ ہی میں میر شکیل الرحمٰن کے جسمانی ریمانڈ کا حکم کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ عدالتِ عالیہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو اس حوالے سے نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بنچ میر شکیل الرحمٰن کی اہلیہ شاہینہ شکیل کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ شاہینہ شکیل کی درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، احتساب عدالت کے جج اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے گرفتاری میں2019ء کی بزنس مین پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج نے جسمانی ریمانڈ کے تحریری حکم میں ریمانڈ کی وجوہات بیان نہیں کیں، جبکہ ڈی جی نیب نے گرفتاری سے قبل چیئرمین نیب سے قانونی رائے نہیں لی۔ درخواست گزار نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی 12 مارچ کو گرفتاری کا اقدام نیب کے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دے کر کالعدم کیا جائے، میر شکیل الرحمٰن کا جسمانی ریمانڈ دینے کا حکم بھی غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری اور حراست کو غیر قانونی قرار دے کر مقدمہ ختم کیا جائے، گرفتاری کو نیب پالیسی 2019ء سے متصادم اور نیب کے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں