اسلام آباد: نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہاکہ میرے وزیراعظم ہاؤس میں کسی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اللہ کے فضل سے میں جو ٹھیک اور بہتر سمجھتا ہوں وہی رائے دیتا ہوں۔ بے شک وہ رائے کسی کو اچھی لگے یا نہ لگے میں وہی رائے دیتا رہوںگا جو مجھے ٹھیک لگے گی ۔کئی لوگوں کو میری رائے اچھی نہیں لگتی لیکن خان صاحب میری رائے سنتے ہیں۔ آج تک انہوں نے میری رائے ، جو ٹھیک ہوئی انہوں نے مانی ۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ جن لوگوں کو میری رائے اچھی نہیں لگتی میں اُن کے بارے میں زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ وہ پھر کبھی وقت آئے گا تو میں بتاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی بندہ ہے اُس کو میری رائے بُری نہیں لگے گی۔ جو عوام میں سے آیا ہے، جو عوام میں سے نہیں آیا اُس کو پرابلم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں زیادہ نہیں سوچتا ہو سکتا ہے کہ میرے اندر ہی کوئی مسئلہ ہو ، ہو سکتا ہے کہ میری سوچ میں ہی کوئی مسئلہ ہو۔ میں دوسروں کو الزام نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری اور میری سوچ میں بڑا فرق ہے ، وہ زیادہ پڑھے لکھے ہیں میں کم پڑھا لکھا ہوں۔ میں اتنا کامیاب بھی نہیں ہوں جتنا وہ کامیاب ہیں۔میرا کسی سے کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی تبدیلی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیلی ابھی آئی نہیں ہے۔ آپ کو کس نے کہا ہے کہ تبدیلی ہو گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے 18،19 ترجمان ہیں لیکن آفیشل نوٹی فکیشن میرا جاری ہوا۔ میں معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سب ہی ترجمان ہیں، میں بھی ترجمان ہی ہوں۔ ان خبروں میں فی الوقت کوئی صداقت نہیں ہے وزیراعظم عمران خان جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں منظور ہو گا۔