اینٹی ریبیز ویکسین کی تعداد کم ہے ، جنگلی کتوں کی بڑھتی تعداد پر قابو پانا ہوگا عمران اسماعیل کا جناح اسپتال کا دورہ، تیمارداروں میں کمبل تقسیم کیے کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو با اختیار کر دیا جائے تو شہر کے کافی مسائل حل ہوجائیں گے ۔ جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حکومتی ارکان وصوبوں کو بے گھر افراد کی مدد کی ہدایت کی ہے، وزیر اعظم کے حکم پر کمبل، گرم کپڑے ، تکیے اور بنیادی اشیا فراہم کر رہے ہیں، انشا اللہ پورے سندھ میں یہ عمل کیا جائے گا، تمام صوبوں کے اراکین اس میں حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں سب سے زیادہ سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، جنگلی کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اینٹی ریبیز ویکسین کی تعداد اب بھی کم ہے ، پورا کرنے کے لیے اقدامات کریں گے ، کتوں کی تعداد پرقابو نہ پایا گیا تو مزید جانیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹرظفر مرزا کہتے ہیں کہ صوبہ رابطہ کرے گا تو ان کی مدد کی جائے گی، سندھ حکومت کراچی کے معاملات سدھارنا چاہے تو سدھار سکتی ہے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر انہوں نے جناح اسپتال اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کا دورہ کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ، اراکین صوبائی اسمبلی جمال صدیقی اور ڈاکٹر سنجے بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے اسپتالوں کے احاطے میں موجود تیمارداروں میں کمبل بھی تقسیم کیے۔