اسلام آباد: ملک میں رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ، ادارہ برائے شماریات نے رواں ہفتے مہنگائی کی تفصیلات جاری کردیں. مہنگائی کی شرح 20.04 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رواں ہفتے 28 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18 اشیا کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے میں آلو 9 فیصد، انڈے 6 فیصد، خوردنی گھی 5 فیصد، بریڈ 2.72 فیصد، دالیں 2 فیصد اور خوردنی تیل 2.18 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ڈیزل 20.69 فیصد جبکہ پیٹرول 19.91 فیصد مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18 اشیا کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا ۔ چکن 4.68 فیصد، ادرک 2.72 اورآ ٹا 1.19 فیصد سستا ہوا۔