حکومت کیخلاف نعرے ، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی :خورشید احمد لاہور :مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے نسبت روڈ پر مظاہرہ کیا گیا، جنرل سیکرٹری ہائیڈرو یونین خورشید احمد کی قیادت میں لیسکو ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق لیبر ہال نسبت روڈ میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیر اہتمام ڈرائیورز اور کرین آپریٹرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں لیسکو کی تمام سب ڈویژنز اور دفاتر سے ڈرائیورز اور کرین آپریٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جنرل سیکرٹری واپڈا ہائیڈرو یونین خورشید احمد کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے مزدور طبقہ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی بھی کھلانے سے قاصر ہے ، مہنگائی کے تناسب سے حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کرے ۔