اسلام آباد:قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں موسم برسات کی بارشوں کے نئے سلسلے کے تناظر میں ایک اور الرٹ جاری کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ خطرے کا شکار آبادیوں کی نشاندہی کریں اور ان کیلئے اقدامات وضع کریں۔ قومی ادارے نے متعلقہ محکموں کو انتہائی چوکس رہنے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں انتہائی کم وقت میں صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔ کراچی اور دوسرے شہری علاقوں میں سیلاب سے متعلق حالیہ واقعات کے تناظر میں این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نشیبی علاقوں اور آبی گزرگاہوں کے قریب واقع سیلابی نالوں میں پانی کے بہاو کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور مقامی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور بجلی کی بروقت بحالی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انخلا کے منصوبوں کے تحت فوری طور پر زیر آب علاقوں سے لوگوں کا انخلا شروع کریں اور ان کے لئے عارضی رہائش، خوراک اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں ضروری آلات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔