مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جب جائےگی تو دوبارہ کبھی نہیں آئے گی، پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے۔ اسلام آباد میں ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سوات جلسےمیں میری اور جماعت کی نمائندگی شہبازشریف نےکی جبکہ مجھے آزاد کشمیر کی الیکشن مہم چلانے کی ذمہ داری ملی ہوئی ہے۔ آزاد کمشیر انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اگر صاف شفاف الیکشن ہوئے تو آزادکشمیر الیکشن میں نون لیگ جیتے گی، آزاد کشمير ميں مسلم ليگ نون کی مضبوط پوزيشن ہے۔ مریم نواز نے دو ٹوک کہا کہ الیکشن کے لیے ڈیل کیوں اور کس کے ساتھ ہوگی،اتنی قربانیاں دینے کے بعد اور جدوجہد کے بعد پاگل ہیں ڈیل کرلیں گے۔ شاہد خاقان کے شہبازشریف سے متعلق انٹرویو پر انھوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے کہا ہے کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور انھوں نے وضاحت بھی کردی ہے۔انھوں نے کہا کہ چوائس صرف اور صرف عوام کی ہونی چاہئےاور اسٹیبلشمنٹ کی کوئی چوائس نہیں ہونی چاہئے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ افغانستان سے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں۔آپ کو خارجہ پالیسی نہیں بنانی چاہیے جب کہ سیاسی اور خارجہ پالیسی میں فرق ہونا چاہیے۔خارجہ پالیسی کے حوالے سے یک زباں ہوکر آواز بلند کی جائے۔حکام کو قوم سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے کہ اصل پالیسی کچھ اور ہو اور عوام کو کچھ اور بتائیں۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کئے ہیں۔پی ڈی ایم نے عوام کو باور کرادیا ہےکہ اس سے نالائق حکومت پہلے کبھی نہیں آئی ہے۔ پی ڈی ایم کچھ کرے یا نہ کرے لیکن قوم کے سامنے ان کی حقیقت آگئی ہے۔