حکومت عوامی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، عوام کے تعاون سے مسائل حل کرلیں گے، مرتضیٰ بلوچ کراچی : صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی کے قدیم گوٹھ تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، ملیر ایکسپریس وے کے راستے میں آنے والے قدیم گوٹھوں کو بچانے کیلئے جلد دوبارہ فیلڈ سروے کیا جائے گا، سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ یوسی تھانو سموں گوٹھ میں آمد کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین بشیر بلوچ اور وڈیرا حبیب بلوچ نے صوبائی وزیر کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے سموں گوٹھ کے معززین سے میٹنگ کی۔ علاقہ معززین نے انہیں گوٹھ کے مسائل سے متعلق آگاہی دی۔ مرتضیٰ بلوچ نے سموں گوٹھ سمیت یوسی تھانو کے بجلی، گیس، قبرستان کی زمین اور اسکول کی چار دیواری کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ سموں گوٹھ کے مکینوں نے ملیر ایکسپریس وے سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کے اراکین کو یقین دلایا کہ ملیر ایکسپریس وے میں آنے والی قدیم آبادیوں اور گوٹھوں کو بچانے کے لئے وزیر بلدیات سے بات کی ہے، جلد دوبارہ فیلڈ سروے کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے حکومت عوام کے تعاون سے تمام مسائل حل کرلے گی۔