اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریر کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ایک مثال قائم ہو، نیشنل ایکشن پلان پر پوری طاقت کے ساتھ عمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ حالیہ پشاور واقعے اور افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی جبکہ اجلاس میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں عدم شرکت کے معاملے پر ممکنہ ردعمل بھی زیر بحث آیا۔ اعلامیہ کے مطابق، اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے قومی ایکشن پلان کے نفاذ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ کہ بین الصوبائی مسائل کے لیے وبائی حکومتوں سے تعاون درکار ہے۔ ایپکس کمیٹی کی جانب سے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی گئی، نیکٹا کے کردار کو مضبوط بنانے اور انسداد دہشت گردی کے محکموں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ صوبے جدید فرانزک لیبز قائم کرکے موثرتحقیقات کے لیے مزید وسائل مختص کریں، کمیٹی نے عدالتوں میں دہشت گردی کے مقدمات کو حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔