کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین نے بادشاہ السلطان عبداللہ کواستعفیٰ پیش کردیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق محی الدین یاسین نے بادشاہ کو استعفیٰ پیش کردیا ہے تاہم وہ نگران وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین کی قیادت میں کابینہ نے بھی بادشاہ کواستعفیٰ پیش کر دیا۔ملائیشین کابینہ کے مستعفی ہونے کی تصدیق وزیر سائنس جمال الدین نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کی ، ان کا کہنا تھا کہ کئی مہینوں کی سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دےدیا ہے ۔ گزشتہ روز موجودہ حکومت کے وزیر محمد ریڈزوان ایم ڈی یوسف نے بتایا تھا کہ محی الدین پیر کو بادشاہ کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ محی الدین یاسین کا 17 ماہ پر محیط دورے اقتدار اُس وقت ختم ہو رہا ہے جب ملائیشیا کو معاشی بدحالی اور کورونا کی بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ انھیں اقتدار میں لانے کیلئے ساتھ دینے والی جماعت یونائیٹڈ ملایاز نیشنل آرگنائزیشن (یو ایم این او) پارٹی کا اتحاد توڑنا محی الدین کے وزارت عظمیٰ کے تابوت میں ٹھونکا جانے والا آخری کیل ثابت ہوا۔یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ اگلی حکومت کسی کی ہو گی ، ملائشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ پر منحصر ہے کہ وہ وبا کے دوران انتخابات کا اعلان کرتے ہیں یا کوئی اور آئینی راستہ اختیار کریں گے۔