وزیراعظم شہباز شریف نے مفتاح اسماعیل کے مستعفی ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔ لندن میں قائد ن لیگ نوازشریف کی زیرصدارت لیگی قائدین کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و قومی صورتحال پرغورکیا گیا۔ اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے نوازشریف کو استعفیٰ پیش کردیا جس کے بعد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے اسحاق ڈار کو وزیرِخزانہ کیلئے نامزد کردیا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزارت آپ کی امانت تھی،آپ نے ہی وزیربنایا تھا۔ 4 ماہ بھرپور صلاحیت سے کام کیا اور پارٹی وملک سے وفاداری نبھائی۔ اجلاس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ سابق دورمیں لگائی معاشی تباہی کی آگ حکومت کو بجھانا پڑی جبکہ نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح کی کوششوں کو سراہا۔