اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ ہم نےمشکل وقت میں’’ریاست پہلے ، سیاست بعد میں” کی پالیسی کے تحت حکومتی باگ ڈور سنبھالی اور مشکل فیصلے کئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے پاک امریکن بزنس فورم کے وفد سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں ، لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی، غیر ضروری حکومتی اخراجات کم کئے، قابل تجدید توانائی کےمنصوبے شروع کررہے ہیں، انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس محنت اور لگن سے ملک کی ترقی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر عملدرآمد سے ہم بجلی کی پیدوار کا انحصار درآمدی تیل پر کم کرکے قابلِ تجدید ذرائع بروئے کار لائیں گے۔ ہم ترجیحی بنیادوں پر 6 سے 7 ہزار میگاواٹ قابلِ تجدید بشمول سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں ۔ ہم نے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کیا۔ ملک میں برآمدی صنعت کو موجودہ حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ کیلئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے فوری طور پر ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وفد میں سیکٹری جنرل پاک امریکن بزنس فورم وقار خان، صدر ریاض حسین اور سینئر نائب صدر انور اعظم شامل تھے اس کے علاوہ وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور متعلقہ اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔