تازہ ترین

مسلم لیگ ن تاحال مولانا کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ کیوں نہیں کر سکی؟

مسلم-لیگ-ن-تاحال-مولانا-کے-دھرنے-میں-شرکت-کا-فیصلہ-کیوں-نہیں-کر-سکی؟

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے متعلق نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مولانا کے دھرنے میں شرکت کے حوالے سے پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قبول ہو گا۔  احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقاتوں پر سختی کر رکھی ہے اسی لیے تاحال مولانا کے دھرنے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔البتہ آنے والے دنوں میں پارٹی دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کر لے گی۔ دھرنے پر متفق ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے میں شرکت سے متعلق پارٹی میں بحث ہوتی ہے لیکن نوازشریف کا جو بھی فیصلہ آئے گا شہباز شریف سمیت سب اس پر عمل کریں گے۔ دھرنے میں تاخیر کے حوالے سے سوال کے جواب میں ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سے دھرنا مؤخر کرنے کے لیے فی الحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں دھرنے کے نکات سے متفق ہیں۔ علاوہ ازیں ملک کے حالات بھی اس قدر دیگر گوں ہیں کہ ایک سال بعد اس کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی اکثر قیادت جیل میں ہے اور جو لوگ باہر ہیں وہ بھی قید ہونے سے نہیں ڈرتے۔یاد رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کی کال دے رکھی ہے جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو اس وقت آزادی مارچ کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ دھرنے سے متعلق مسلم لیگ ن نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں